شیخوپورہ۔ 02 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پی ٹی وی،پارلیمنٹ حملہ کیس میں سزائیں ملتی تو 9مئی کا واقعہ رونما نہ ہوتا،شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے میں مسلم لیگ ن پی پی 136کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ ہماری اور پاکستان کی بدقسمتی تھی کہ 2014میں دھرنے کے دوران ہماری حکومت نے اس کے خلاف ایکشن نہیں لیا،بجلی کے بل جلانے، پیسہ ہنڈی کے ذریعے بھیجنے کا کہنے والا، سول نافرمانی کرنے اور لوگوں کو ترغیب دینے والا ملک کا خیر خواہ نہیں ہو سکتا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دنیا میں 9مئی جیسے واقعات کی مثال نہیں ملتی،کوئی ایسا ملک نہیں جہاں اپنے ہی لوگ اپنی فوج پر حملہ کریں نو اور دس مئی کے واقعات کے ملزمان کو سخت سے سخت سزائیں ملنی چاہیے۔ رانا تنویرحسین کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے کارکن بھرپور محنت کریں ہم آئندہ الیکشن میں نئے عزم کے ساتھ حصہ لیں گے قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف بہت جلد اپنے کارکنوں کے درمیان ہونگے اور انتخابی مہم کو لیڈ کریں گے