فیصل آباد ۔ 7 اگست (اے پی پی) پی ٹی وی سمیت تمام نجی ٹی وی چینلز نے عید ا لاضحی ، ٹرو مرو کیلئے خصوصی پروگرامات کی ریکارڈنگ شروع کر دی ہے۔ یہ رنگا رنگ تفریحی پروگرامات عوام الناس کی عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلئے بہترین فیملی انٹر ٹینمنٹ ثابت ہوںگے ۔ مختلف نجی ٹی وی چینلز کے ذرائع نے بتایاکہ عید ا لاضحی کے پہلے روز عید قربان کے آغاز سے مرو کی رات تک عید سپیشل نشریات نان سٹاپ جاری رہیں گی۔ صبح سویرے عید سپیشل ، عید کے رنگ چمکتے ستاروں کے سنگ، عید لائونج، عید کا سماں ، عید سرگوشیاں ، پیغام عید ،مسکراہٹیں عمروں کی محتاج نہیں ہوتیںسمیت دیگر موضوعات پر تیار کئے جانے والے انتہائی خوبصورت و دلکش پروگرامات میں فلم ، ٹی وی ، سٹیج کے اداکار ، فنکار، گلوکار حصہ لے رہے ہیں ۔ اس موقع پر عید کے حوالے سے خصوصی ٹی و ی ڈرامے بھی تیار کئے گئے ہیں جو شائقین کی عید کی خوشیوں کے پر مسرت لمحات کو مزید دلفریب بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔علاوہ ازیں عید کے ایام میں بعض نئی و پرانی فلمیں بھی ٹی و ی پر نمائش کیلئے پیش کی جائیں گی اور خصوصی نغموں پر مبنی پروگرامات بھی نشر کئے جائیں گے۔