اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی ترقی اور بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے کیونکہ حکومت اپنی ماضی کی شان کو بحال کرنا چاہتی ہے۔جمعرات کو انہوں نے پی ٹی وی کے عملے کوپی ٹی وی کے قیام کی 56 ویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ قومی نشریات کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے گا۔پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ، وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پی ٹی وی ٹرانسمیشن کے ذریعے عالمی سطح پر ملک کی ثقافت کو فروغ دینا چاہتی ہے، حکومت پی ٹی وی میں بہتری لانے کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کررہی ہے اور اس کے تمام معاملات کو ترجیحی طور پر حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام آنے والے دنوں میں پی ٹی وی کے ٹرانسمیشن میں واضح تبدیلی کا مشاہدہ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے ملک کے تمام علاقوں کی ثقافت اور رنگوں کی نمائش ہوگی۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ حکومت پی ٹی وی میں اپنی صلاحیت اور ساکھ میں اضافہ کرکے اصلاحات لائے گی۔