اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):پاکستان ٹیلیویژن کے سابق ڈائریکٹر نیوز شکور طاہر کی اردو ابلاغ عامہ میں خدمات کے بارے میں تحقیقی مقالہ ایم فل ڈگری کے لئے منظور کر لیا گیا ہے۔
رفاہ یونیورسٹی فیصل آباد کیمپس کے شعبہ اردو کے طالب علم محمد رضوان تبسم نے یہ تحقیقی مقالہ پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف اعوان کی نگرانی میں دو برس کی ریسرچ کے بعد تحریر کیا ہے۔ تقریبا ًچار سو صفحات پر مشتمل مقالے میں شکور طاہر کی 50 سالہ صحافتی زندگی کے تدریجی مراحل کا احاطہ کیا گیا ہے اور ابلاغ عامہ کے حوالے سے ان کی نگارشات اور تخلیقات کے مختلف پہلوئوں کا تحقیقی اور تنقیدی جائزہ لیا گیا ہے۔
ریسرچ سکالر نے مقالے کے موضوع پر تحقیق کے لئے پی ٹی وی آرکائیوز کے علاوہ ساٹھ سے زیادہ معروف شخصیات کے انٹرویوز سے استفادہ کیا جن میں نامور صحافی، پروڈیوسرز، اینکرز، نیوز کاسٹرز، ادیب، نقاد، سفارتکار اور اِبلاغیات کے ماہرین شامل ہیں۔ جمہوری پبلیکیشنز کی طرف سے یہ مقالہ کتابی صورت میں شائع کیا جا رہا ہے۔