اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاحت و کھیل عون چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی ڈی سی انتظامیہ برطرف ملازمین کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے اور اپنے برطرف ملازمین کو معاوضہ دینے پر غور کرے ۔ گزشتہ روز یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی ڈی سی کے 98ویں بورڈ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
مشیر برائے سیاحت و کھیل عون چوہدری نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے برطرف ملازمین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور پی ٹی ڈی سی انتظامیہ سے کہا کہ وہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی اور کابینہ ڈویژن اس دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کریں اور برطرف ملازمین کو آگاہ کیاجائے کہ بورڈ نے برطرف ملازمین کو معاوضہ دینے پر اصولی اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے انتظامیہ سے کہا کہ برطرف کیے گئے ملازمین کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے صوبوں اور وفاق سے فنڈز کے انتظامات کا عمل فوری شروع کیا جائے۔ جولائی 2020 میں پی ٹی ڈی سی کی تنظیم نو کی بنیاد پر تقریباً 227 ملازمین کو پی ٹی ڈی سی سے فارغ کیا گیا تھا۔