اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):عالمی یوم سیاحت کے موقع پر پاکستان ٹوورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن(پی ٹی ڈی سی)اور ڈسکور پاکستان ایچ ڈی ٹی وی کے اشتراک سے پہلے قومی سیاحتی ایوارڈ شو کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ۔
پی ٹی ڈی سی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ڈسکور پاکستان، پی ٹی ڈی سی، گرین ٹوورازم پرائیویٹ لمیٹڈاور صوبائی محکمہ سیاحت کے تعاون سے عالمی یوم سیاحت کے موقع پر کل (جمعہ) پہلے قومی سیاحتی ایوارڈ شو کا انعقاد اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں کرے گی ، اس تقریب کا مقصد ملکی سیاحت میں انفرادی ، تنظیمی اور اجتماعی سطح پر کی جانے والی غیرمعمولی کاوشوں کا اعتراف اور سیاحت کی اہمیت اور اس کی سماجی، ثقافتی، سیاسی اور اقتصادی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔
عالمی یوم سیاحت ہر سال 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم (یو این ڈبلیو ٹی او) کے زیراہتمام دنیا بھر میں منایا جاتا ہے جس میں اس شعبے کی اہمیت، سماجی، ثقافتی، سیاسی اور زندگی پر اثرات بارے آگاہی کو فروغ دینا ہے۔