پی ٹی ڈی سی کی سیا حوں کو کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

126
PTDC
PTDC

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):پاکستان ٹور ازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی)نے پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے والے سیا حوں کو کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئےاحتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ٹی ڈی سی کے ایک عہدیدار نے ’’اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیاحوں کی ایک بڑی تعداد بارش کے دوران پہاڑی علاقوں کے دلکش اور قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے کے لئے اپنے اہلخانہ کے ساتھ سیاحتی مقامات مالم جبہ، کالام، ناران، کاغان، سوات، مری، جموں و کشمیر ، گلگت بلتستان اور دیگر سیاحتی مقامات کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ اپنے پیاروں اور فیملی کے ساتھ پرفضا مقامات کی سیر کو نکلنے سے پہلے محکمہ موسمیات کی موسم سے متعلق پیشنگوئی ضرور دیکھ لیں۔ سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر کے دوران رہائش کی دستیابی کو یقینی بنائیں اور کم از کم 24 گھنٹے کے لئے ضروری ادویات، گرم کپڑے اور کھانے پینے کی اشیا اپنے ساتھ رکھیں۔