اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی)، جرمنی میں پاکستانی مشن، صوبائی محکمہ سیاحت اور نجی ٹور آپریٹر کمپنیوں کے اشتراک سےسیاحت کی معروف بین الاقوامی ٹریول ایکسپو آئی ٹی بی برلن 2024 میں پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے۔ 3 روزہ عالمی نمائش5 سے 7 مارچ 2024 تک جاری رہے گی جس میں 170 ممالک کے 5500 سے زیادہ نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں۔
اس سال کا موضوع ’’خوبصورتی کی اپنی ایک پہچان ‘‘ہے۔ پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا نےاپنے پیغام میں کہا ہے کہ میس برلن ایگزیبیشن گراؤنڈ میں دنیا کے سب سے بڑے ٹریول شو میں ایک بار پھر پاکستان کا پرچم لہرا رہا ہے۔ اس معروف عالمی ٹریول شو میں پاکستان میں سیاحتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے پی ٹی ڈی سی کا ایک 11 نمائش کنندگان پر مشتمل وفد شرکت کر رہا ہے۔
آئی ٹی بی برلن 2024 میں پاکستان کی شرکت غیر ملکی سیاحوں کو پاکستان میں سیاحت کے لئے راغب کرنے ، آمد کو فروغ دینے اور عالمی سطح پر پاکستان کے بارے میں مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لئے ملک کی سیاحتی حکمت عملی کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پی ٹی ڈی سی نجی شعبے کو سیاحت کے شعبے کے اہم عالمی کاروباری فورمز کا حصہ بننے اور بی ٹو بی اور بی ٹو سی روابط کو فروغ دینے کے لئے بااختیار بنا رہا ہے۔
انہوں نے اس عالمی نمائش میں پاکستان کی شرکت کے اہم کردار پر زور دیا تاکہ غیر ملکی سیاحوں کے لئے ایک محفوظ سیاحتی مقام کے طور پر ملک کا تشخص سامنے لایا جا سکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ نمائش پاکستان کی غیر استعمال شدہ سیاحتی صلاحیت کو اجاگر کرنے اور بین الاقوامی سٹیک ہولڈرز خاص طور پر یورپی ممالک کے ساتھ ضروری کاروباری تعلقات قائم کرنے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ہے جو عالمی سیاحت کی صنعت میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔