پی ٹی ڈی سی کی پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے والےسیا حوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

128
PTDC
PTDC

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے والےسیا حوں کو کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیےاحتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔پی ٹی ڈی سی کے عہدیدار نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرد موسم کے باوجود سیاحوں کی ایک بڑی تعداد برف باری کے دوران پہاڑی علاقوں کے دلکش اور قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے کے لیے اپنے اہل خانہ کے ساتھ سیاحتی مقامات مالم جبہ، کالام، ناران، کاغان، سوات، مری، جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ اپنے پیاروں اور فیملی کے ساتھ پرفضا مقامات کی سیر کو نکلنے سے پہلے محکمہ موسمیات کی موسم سے متعلق پیشنگوئی ضرور دیکھ لیں۔ سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ رہائش کی دستیابی کو یقینی بنائیں اور کم از کم 24 گھنٹے کے لیے ضروری ادویات، گرم کپڑے اور کھانے پینے کی اشیا اپنے ساتھ رکھیں۔ عہدیدار نے بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ سیاحت نے پہلے ہی داخلی اور خارجی راستوں پر استقبالیہ، ہیلپ لائنز اور معلوماتی مراکز قائم کر رکھے ہیں تاکہ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔