اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):پاکستان ٹور ازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے والےسیا حوں کو کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیےاحتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ٹی ڈی سی کے عہدیدار نے ’’اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کی ایک بڑی تعداد بارش اور رمضان المبارک کے دوران پہاڑی علاقوں کے دلکش اور قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے کے لیے اپنے اہل خانہ کے ساتھ سیاحتی مقامات مالم جبہ، کالام، ناران، کاغان، سوات، مری، جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ اپنے پیاروں اور فیملی کے ساتھ پرفضا مقامات کی سیر کو نکلنے سے پہلے محکمہ موسمیات کی موسم سے متعلق پیشنگوئی ضرور دیکھ لیں۔ سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر کے دوران رہائش کی دستیابی کو یقینی بنائیں اور کم از کم 24 گھنٹے کے لیے ضروری ادویات، گرم کپڑے اور کھانے پینے کی اشیا اپنے ساتھ رکھیں۔
عہدیدار نے بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ سیاحت نے پہلے ہی داخلی اور خارجی راستوں پر استقبالیہ، ہیلپ لائنز اور معلوماتی مراکز قائم کر رکھے ہیں تاکہ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔