لاہور۔31مئی (اے پی پی):الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب کے حلقہ پی پی 52سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ یہ انتخاب کل(یکم جون کو )ہوگا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے پریذائیڈنگ افسران کو انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل جاری ہے جبکہ افسران متعلقہ پولنگ سٹیشنز کو پولنگ کے انعقاد کے لیے مکمل تیار کریں گے۔ ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ(ن)کی طرف سے حنا ارشد، پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے راحیل کامران چیمہ، تحریک لبیک پاکستان کی طرف سے محمد شفاقت اور دیگر آزاد امیدواران حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہحلقہ پی پی 52 میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 2لاکھ 97ہزار 185ہے، پولنگ کے عمل کو شفاف اور منظم بنانے کے لیے کل 1696پولنگ اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں کل 185پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 11کو انتہائی حساس، 38کو حساس اور 136کو نارمل قرار دیا گیا ہے،ضمنی انتخاب کی مانیٹرنگ کے لیے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب لاہور میں ایک کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو 24گھنٹے فعال رہے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603688