پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کے دوسرے سپیل کا الرٹ جاری کردیا

38

لاہور۔2جولائی (اے پی پی):پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے دوسرے سپیل کا الرٹ جاری کردیا، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں5 سے10 جولائی کے دوران تیز آندھی اور بارشوں کا امکان ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے 5 سے 10 جولائی کے دوران صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع گوجرانوالہ ،فیصل آباد ،ملتان، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق الرٹ جاری کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں سے پنجاب کے دریائوں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی میں اضافے کے خدشات ہیں جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے،لہذا بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے محکمہ صحت ، آبپاشی ، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو سٹاک کو بھی الرٹ جاری کر دیا ہے۔انہوں نے شہریوں سے ا پیل کی ہے کہ موسم کی خراب صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں،آندھی و طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شہری آسمانی بجلی سے بچنے کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں،بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں پانی اور بجلی کی تاروں و کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں جبکہ ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔