پی ڈی ایم اے نے 18سے 20جولائی تک صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی

140
PDMA
PDMA

لاہور۔17جولائی (اے پی پی):پی ڈی ایم اے نے 18جولائی سے 20جولائی تک صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوائوں کے ساتھ شدید بارشوں کا امکان ہے، جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی آندھی اور تیز بارش ہو سکتی ہے جبکہ بارشوں سے گرمی اور حبس کی شدت میں کمی ہو گی تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ بارشوں سے پنجاب کے ندی نالے بپھر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے بڑے شہروں کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے خدشہ ظاہر کیاہے کہ ممکنہ طوفان سے بجلی کے کھمبوں ، سولر پلیٹوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے،موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد ازجلد یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24 گھنٹے موسمی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے جبکہ عوام سے بھی اپیل ہے کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔