پی ڈی ایم اے نے 25 جون سے یکم جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا

10
PDMA Punjab
PDMA Punjab

لاہور۔23جون (اے پی پی):پی ڈی ایم اے پنجاب نے آندھی جھکڑ اور بارشوں کا الرٹ جاری کردیا، 25 جون سے 01 جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز آندھی، گرد آلود ہوائیں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق منڈی بہاوالدین،حافظ آباد گجرات، گوجرانوالہ میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔ اسی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور،فیصل آباد،سیالکوٹ،نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ جھنگ سرگودھا اور میانوالی میں بھی بارشوں کا امکان ہے جبکہ 26 سے 28 جون تک جنوبی پنجاب میں ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، بارشوں کے سلسلے سے گرمی اور ہیٹ ویو کی شدت میں کمی واقع ہو گی۔ محکمہ صحت ، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو سٹاک کو بھی الرٹ جاری کر دیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں۔ آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔ بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں جبکہ ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔