پی ڈی ایم اے پنجاب نے رواں ماہ درجہ حرارت میں اضافے اوربارشوں کا الرٹ جاری کردیا

117

لاہور۔15اپریل (اے پی پی):پی ڈی ایم اے پنجاب نے رواں ماہ درجہ حرارت میں اضافے اوربارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔ 16 سے 20 اپریل تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہواوں کے چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاوالدین، گجرات، جہلم، گوجرانوالہ میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔

لاہور، قصور ،سیالکوٹ،نارووال، اوکاڑہ ،فیصل آباد ٹوبہ ٹیک سنگھ جھنگ خوشاب سرگودھا اور میانوالی میں آندھی و بارشوں کا امکان ہے۔ رواں ماہ کے اختتام پر پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیاہے۔ گرمی اور لو کی شدت میں اضافے سے عوام الناس کو بھی محتاط رہنا ہو گا۔

موسمی صورتحال بارے سکول ایجوکیشن ،محکمہ صحت آبپاشی تعمیر و مواصلات لوکل گورنمنٹ اور لائیو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے۔ انفارمیشن، ڈیپارٹمنٹ ، واسا ،پنجاب پولیس اور سول ڈیفنس کو بھی موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا۔ شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔ عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔ ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔