لاہور۔5جون (اے پی پی):پی ڈی ایم اے پنجاب نے عید الاضحیٰ کے ایام میں درجہ حرارت میں متوقع اضافے کے پیش نظر ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔اس سلسلہ میں ریلیف کمشنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ سمیت متعلقہ محکمے متوقع ہیٹ ویو کے پیش نظر الرٹ رہیں۔ ہیلتھ، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ، ریسکیو 1122 ودیگر متعلقہ محکموں کو الرٹ بھی جاری کیا گیا،7 سے 12 جون تک پنجاب کے بڑے شہروں اور میدانی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے وہیٹ ویو کے خدشات ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ آئندہ چند روز میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے،12 جون تک دن کے اوقات میں درجہ حرارت 05 سے 07 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا خدشہ ہے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کے احکامات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ انتظامیہ عوامی مقامات پر صاف پانی ، ہسپتالوں اور موبائل ہیلتھ یونٹس میں ہیٹ سٹروک سے متعلق ابتدائی طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہاکہ گرمی اور لو کی شدت میں اضافے سے عوام کو بھی محتاط رہنا ہو گا، عید الاضحیٰ کی مناسبت سے شہری کھانے کا خاص رکھیں،گرمی اور ہیٹ ویو میں گوشت وخوراک موسم کی مناسبت سے کھائیں، دوپہر کے وقت کام کرنے والے لو سے بچنے کا اہتمام کریں، ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں اور سر ڈھانپ کر رکھیں، بچوں بزرگوں کا خاص خیال اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔انہوں نے مزید کہاکہ پرنٹ سوشل و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے ہیٹ ویو بارے آگاہی دی جا رہی ہے،شہری ایمرجنسی میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122سے رابطہ کریں۔