لاہور۔9جولائی (اے پی پی):پی ڈی ایم اے پنجاب نے فلڈ الرٹ فیکٹ شیٹ جاری کر دی ہے جس میں مون سون بارشوں کی صورتحال سمیت پنجاب کے دریائوں، بیراجز اور ڈیمز میں پانی کی سطح بارے فیکٹس شامل ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفا ن علی کا ٹھیا نے جاری اپنے ایک بیان میں بتایا کہ گزشتہ24 گھنٹوں میں سیالکوٹ اور گجرات میں12 سے20 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،آئندہ 24 گھنٹوں میں صوبے بھر میں مون سون بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام دریائوں اور بیراجز میں پانی کا بہا ئو نارمل سطح پر ہے،منگلا ڈیم میں پانی کی سطح52 فیصد اور تربیلا میں69 فیصد ہے جبکہ ستلج،بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 34 فیصد تک ہے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ رواں ماہ مون سون بارشوں سے20 گھر متاثر،36 لوگ زخمی،6 لوگ جاں بحق جبکہ36 جانور ہلاک ہوئے،حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کی جائے گی۔وزیراعلی پنجاب کی ہدایات پر دریائوں کے قریبی اضلاع میں اربن فلیش فلڈنگ اور سیلابی خطرے کے پیشِ نظر انتظامات مکمل ہیں،پی ڈی ایم اے کنٹرول روم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز24/7 صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کی ممکنہ بارشوں کے پیش نظر واسا و انتظامیہ کو نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں،لہذا انتظامیہ ندی نالوں اور دریائوں کے راستوں سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائے۔عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں،بجلی کی تاروں اور کھمبوں کو نہ چھوئیں اورکسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔