پی ڈی ایم اے پنجاب کا رواں ماہ ہیٹ ویو کا الرٹ جاری ، درجہ حرارت 45 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، ترجمان

152

لاہور۔18مئی (اے پی پی):پی ڈی ایم اے پنجاب نے رواں ماہ ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا ،درجہ حرارت 45 ڈگری تک جانے کاامکان ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 21سے 27مئی تک پنجاب کے بڑے شہروں اور میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو کے شدید خطرات ہیں ، اس سلسلہ میں وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیاہے ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ فصلوں کی باقیات کو ہرگز نہ جلائیں ورنہ سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انتظامیہ عوامی مقامات پر صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے اورہسپتالوں اور موبائل ہیلتھ یونٹس میں ہیٹ سٹروک سے متعلق ابتدائی طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔

عرفان علی کاٹھیا نے ہدایات دیتے ہو ئے کہا ہے کہ گرمی اور لو کی شدت میں اضافے سے عوام کو بھی محتاط رہنا ہو گا، دوپہر کے وقت کام کرنے والے لو سے بچنے کا اہتمام کریں، ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں ،سر کو ڈھانپ کر رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ بچوں بزرگوں کا خاص خیال رکھیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں،پرنٹ سوشل و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ہیٹ ویو بارے آگاہی دی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122سے رابطہ کریں۔