لاہور۔20جولائی (اے پی پی):پی ڈی ایم اے نے 22جولائی بروز سوموار سے25 جولائی تک پنجاب میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جا ری کر دیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطا بق 22 سے25 جولائی تک صوبا ئی دارالحکومت لاہور سمیت منڈی بہائوالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب ،فیصل آباد، سرگودھا، بھکر، میانوالی،بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔
اس حوالے سے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفا ن علی کا ٹھیا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں،بارشوں سے گرمی اور حبس کی شدت میں کمی ہوگی ، بارشوں سے پنجاب کے ندی نالے بپھر سکتے ہیں لہذابڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ اور پیشگی انتظامات مکمل کرے ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی جلد ازجلد یقینی بنا ئے گی جبکہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24 گھنٹے موسمی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے التماس کر تے ہو ئے کہا کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنا یا جائے، پرانی عمارتوں ، کھمبوں اور آسمانی بجلی کی گرج چمک سے بچائو کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔