اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ختم ہو چکی ہے، اپوزیشن کے اختلافات سامنے آ چکے ہیں، اپوزیشن جماعتوں کا آپس میں اتحاد نہیں ہے اور نہ ہی وہ ایک ساتھ چلنے کو تیار ہیں، مولانا فضل الرحمان کے خلاف ان کی اپنی پارٹی میں تحریک چل پڑی، پیپلز پارٹی نے نہ تو پہلے استعفے دیئے ہیں اور نہ ہی دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم بے نقاب ہو چکی ہے، عوام پی ڈی ایم کے ساتھ نہیں ہیں، عوام کبھی بھی اس جماعت یا تحریک کا ساتھ نہیں دیتی جو ملک کی بہتری کے لئے نہیں بلکہ ذاتی مفادات کے لئے ہو۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک ختم ہو چکی ہے، پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں میں اختلافات ہیں، مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کے کئی جلسوں میں نہیں گئے، اپوزیشن جماعتیں ایک ساتھ چلنے کو تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف ان کی اپنی پارٹی میں تحریک شروع ہو چکی ہے، مولانا فضل الرحمان نے کوئی بھی حکمت عملی تیار کی لیکن وہ ناکام ہوئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ کون سی سٹریٹجی ہوتی ہے جس میں آپ اپنے سارے کارڈ شو کر دیں، آصف زرداری بیسٹ پلیئر ہیں، پی ڈی ایم نے جلسے کئے، استعفوں کے اعلانات بھی کئے اور لانگ مارچ کرنے کا بھی اعلان کیا لیکن ہوا کچھ بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگاتی ہے لیکن اپوزیشن نے الیکشن کمیشن یا عدالتوں سے اس حوالے سے رجوع نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ دور حکومت میں دھاندلی کے شبہ میں چار حلقے کھولنے کے لئے کہا، پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن، سپریم کورٹ میں چار حلقے کھولنے کے لئے کیس کو آگے بڑھایا اور بعد میں ان چاروں حلقوں میں دھاندلی ثابت بھی ہوئی۔ ایک سوال کے جواب میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل اپوزیشن جماعتوں کے رہنما اسمبلیوں سے استعفے نہیں دیں گے، مسلم لیگ (ن) اپنے خاندان کے لوگوں سے استعفے نہیں لے سکتی، مولانا فضل الرحمان اپنے بیٹے سے استعفیٰ نہیں لے سکتے تو یہ کسی اور جماعت سے کس طرح استعفے دینے کا مطالبہ کر سکتے ہیں، یہ کچھ بھی کر لیں پیپلز پارٹی نے نہ تو پہلے استعفے دیئے ہیں اور نہ ہی دے گی۔