پی ڈی ایم ختم ہو گئی ہے ،حکومت کیلئے اپوزیشن نہیں، مہنگائی بڑا چیلنج ہے،وزیراعظم عمران خان مہنگائی پر قابو پا لیں گے ، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

49

اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک (پی ڈی ایم) ختم ہو گئی ہے، ان کا لانگ مارچ نظر نہیں آ رہا،رمضان کے بعد سیاست نئی شکل اختیار کرنے جارہی ہے، حکومت کیلئے اپوزیشن نہیں، مہنگائی بڑا چیلنج ہے اور مجھے یقین ہے کہ وزیراعظم عمران خان مہنگائی پر قابو پا لیں گے، حکومت کہیں نہیں جا رہی، ہم ڈٹ کر اپوزیشن کا مقابلہ کریں گے۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری سیاسی زندگی میں پہلی مرتبہ کسی وزیراعظم نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو اس کے حال پر چھوڑ دیں، یعنی اپوزیشن کا یہ حال آگیا ہے کہ وزیراعظم اپنی فائٹنگ ٹیم کو کہہ رہا ہے کہ اپوزیشن اپنے بچھائے ہوئے جال میں پھنس چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں کوئی چیز آخر نہیں ہوتی، اگر مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی ایک دوسرے کو گھسیٹنے اور پیٹ چاک کرنے کے بعد ایک ہوسکتے ہیں تو کل کی سیاست کس نے دیکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے 31 دسمبر سے 23 مارچ تک عوام کو کئی تاریخیں دیں، پھر کہا ضمنی اور سینیٹ الیکشن نہیں لڑیں گے لیکن لڑے، عید کے بعد کے لانگ مارچ کی جگہ اب لونگ مارچ ہوسکتا ہے، اپوزیشن اتحاد اصل میں گیارہ جماعتوں کا نہیں اڑھائی جماعتوں کا اور وہ بھی اب آدھا آدھا ہوگیا ہے، رمضان کے بعد سیاست نئی شکل اختیار کرنے جارہی ہے، حمزہ شہباز اور شہباز شریف کی سیاست مریم نواز اور نواز شریف کی سیاست میں فاصلے بڑھ جائیں گے، نوازشریف گروپ مار دھاڑ جبکہ شہبازشریف گروپ روایتی سیاست کے حامی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو کسی صورت باہر جانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، وزیراعظم اب نوازشریف والی غلطی نہیں دہرائیں گے،نوازشریف اگر پاکستان آنا چاہئیں تو ہم 24 گھنٹے کے اندر انہیں سفری دستاویزات فراہم کر دیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو صرف ایک ہی چیلنج درپیش ہے اور وہ مہنگائی کا ہے جس پر وزیراعظم اس سال کنٹرول کر لیں گے، اشیاء ضروریہ کو عوام کی دسترس میں کرنے کیلئے وزیراعظم پوری کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں وسیع پیمانے پر ترقیاتی کام ہو رہے ہیں ، ڈیم بن رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان ملک کی بہتری اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں، ہر ہفتے کابینہ کا اجلاس ہوتا ہے اس سے قبل حکومتوں میں مہینہ مہینہ اجلاس نہیں ہوتے تھے۔

سی پیک کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سی پیک آگے بڑھ رہا ہے، چین اور پاکستان دونوں ایک دوسرے کیلئے لازم وملزوم ہیں، دونوں مل کر آگے بڑھیں گے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اسلام آباد کی آبادی دو ملین سے زیادہ ہوچکی ہے ، پولیس کی نفری کم ہونے کے باوجود امن اومان کی صورتحال کافی بہتر ہے۔