پی ڈی ایم رہنمائوں نے خیبرپختونخوا میں جلسہ کیا تو ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی ،معاون خصوصی کامران بنگش

84
خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلی تعلیم کامران خان بنگش

پشاور۔20نومبر (اے پی پی):وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلی تعلیم کامران بنگش نے پاکستان ڈیموکریٹک الائنس کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم رہنمائوں نے جلسہ کیا تو انکے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی کیونکہ خیبرپختونخواحکومت کے پاس پینڈیمک آرڈنینس کے تحت کاروائی کا اختیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے ضلعی انتظامیہ پشاور کی جانب سے پی ڈی ایم کو جلسہ اجازت نہ دینے پر اپنے موقف دیتے ہوئے کیا۔ترجمان خیبرپختونخوا حکومت کامران بنگش نے کہا کہ کورونا وبا کی لہر ہے ایسے میں اپوزیشن ہوش کے ناخن لے۔ اپوزیشن کو جلسوں سے نہیں روکنا چاہتے ہمارا مقصد عوام کو کورونا سے بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا پر قابو پالیں تو پھر اپوزیشن بھی جلسے کرے اور ہم بھی کریں گے۔انہوں نے اپوزیشن کو چیلنج کرتے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن نے جلسے کیے تو پتہ چل جائے گا عوام کس کے ساتھ ہیں کیونکہ عوام عمران خان اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔