اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل لوگ غیر متعلقہ ہیں ان کے پاس کوئی عوامی ایجنڈا نہیں ہے، ان سیاسی بے روزگاروں کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ کسی طرح انکے کیسز ختم ہوجائیں، قومی اسمبلی میں جو بل مسترد ہوئے وہ پرائیویٹ ممبر بل تھے، یہ بل پاس بھی ہوتے رہتے ہیں اور مسترد بھی ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگوکے دوران کیا۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ پچھلے دنوں فضل الرحمان اور بلاول زرداری ایک دوسرے کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کی بات کررہے تھے، ان کی ملاقاتیں پہلے بھی ہوتی رہی ہیں اور انکے بیانات کھوکھلے نعروں کی حد تک رہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جب حکومت کا بل ناکام بنائے گی تو پھر دیکھیں گے، الیکشن اصلاحات اور دیگر اہم نوعیت کی قانون سازی چاہتے ہیں اس لئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی طرف جارہے ہیں، صاف اور شفاف الیکشن کی راہ میں اپوزیشن بڑی رکاوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دھاندلی زدہ جماعتیں ہیں، دھاندلی کا شور مچاتے ہیں جب قانون سازی کی بات کریں تو یہ بھاگ جاتے ہیں۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ایم کیو ایم اور دیگر اتحادیوں کو پہلے بھی ساتھ لیکر چلے ہیں ، اب بھی ساتھ لیکر چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آج اپوزیشن لیڈر کو بھی خط لکھا ہے کہ انتخابی اصلاحات میں بامعنی ان پٹ دیں۔عمران خان واحد لیڈر ہیں جوصاف اور شفاف انتخابات کے لئے انتخابی اصلاحات پر عملی کام کررہے ہیں،اپوزیشن نے لیت ولعل کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی اصلاحات پر مشاورت کے لئے ایک اور موقع فراہم کررہے ہیں، اپوزیشن کو چاہئے کہ وہ اپنی ضد کو چھوڑے اور انتخابی اصلاحات پرسنجیدگی سے اپنی ان پٹ فراہم کرے۔دنیا کے 20 سے زائد ممالک میں الیکڑانک ووٹنگ ہورہی ہے،مسترد شدہ ووٹوں سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے چھٹکارا مل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے نمبر گیم پورے ہیں،اپوزیشن کو ہمیشہ شکست ہوتی رہی ہے۔ حکومت کے خلاف عدم اعتماد لانے، استعفے دینے اور آر اور پار کی باتیں کرنے والے آج خوار ہورہے ہیں۔اپوزیشن اب ایک دوسرے کو سلیکٹڈ کہہ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جب بھی محسوس کرے گی پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلالے گی۔