
اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر نواز شریف پاکستان واپسی کا اردہ رکھتے ہیں تو حکومت نواز شریف کو خصوصی سفری دستاویز 24 گھنٹے میں جاری کرنے کے لئے تیار ہے، حکومت اور وزارت داخلہ دونوں نے نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید کے عمل میں کبھی بھی رکاوٹ پیدا نہیں کی بلکہ انہوں نے خود بھی متعلقہ حکام سے رجوع کرنے کی زحمت گوارا نہیں کی، پاکستانیوں کے لیے کویتی ویزے جلد کھلنے جارہے ہیں،پی ڈی ایم نے مارچ ملتوی کر کے بہت اچھا فیصلہ کیا ہے، مہنگائی کو کنٹرول کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے.
بدھ کو یہاں اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میں قطر گیا تھا جہاں پر ان سے اچھی بات چیت ہوئی ہے، پاکستانی قوم کے لیے خوش خبری ہے کہ پاکستانیوں کے لیے 2011 سے کویت کے ویزے بند تھے اب کویت کا وزیر داخلہ آگئے ہیں، کویت کے ویزے جلد کھل جائیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم نے مارچ ملتوی کر کے بہت اچھا فیصلہ کیا ہے، سیاست میں سکون آیا ہے اور اب روزے ٹھنڈے گزریں گے، پی ڈی ایم سے کہوں گا کہ اسمبلی میں آئیں اور مذاکرات کریں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی نے سیاسی فیصلہ کیا ہے، زرداری تاش چھاتی سے کھیلتے ہیں. وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان نے تمام وزرا کو متحرک ہو کر کام کی ہدایت کردی ہے. انہوں نے کہا کہ نہ دوسرو کی وزارت میں مداخلت کرتا ہوں اور نہ کرنے دیتا ہوں،وزیراعظم کا پیغام لے کر قطر گیا تھا.
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نوازشریف کو ایمرجنسی ٹریولنگ ڈاکیومنٹ چاہئےتو ہم جاری کرسکتے ہیں اگر وہ پاکستان واپسی کا ارادہ رکھتے ہیں تو انہیں چوبیس گھنٹوں میں خصوصی دستاویزات مہیا کرسکتے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ قائد نون لیگ کا پاسپورٹ رینیو نہیں ہوا ہے، پاکستان آنے کے لئے کاغذات دے سکتے ہیں کیونکہ صحت بیماری زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ آج ن لیگ میں دو گروپ ہیں اقرار کریں یا انکار انکی مرضی۔انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو ہیوی ویٹ قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ حکومت نہیں گرےگی، اپوزیشن چھ ماہ سے ٹی وی ٹی وی کھیل رہےتھے، چھ ماہ سےملک کا کوئی علاقہ نہیں چھوڑاجہاں انہوں نے جلسہ جلوس نہ کئے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جو محکموں میں لمبےعرصےسے بیٹھےہیں ان سب کو تبدیل کیاجائےگا، ایف آئی اے ،نادرا ودیگر اداروں میں 12،10سال سے تعینات ملازمین کے تبادلے کررہےہیں۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ قوم کو خوشخبری سناتاہوں کہ کویت کے ویزے بھی کھلنےجارہےہیں، کویت کے ویزے2011سےبند تھے، یہ سب عمران خان کی کاوشوں کے باعث ممکن ہوا ہے.
شیخ رشید نے وفاقی کابینہ کی جانب سے رمضان پیکج کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈھائی سال حکومت کےگزر گئےاب عمران خان نےکہا کہ مؤثرکام کریں، اس کے لئے ضروری ہے کہ بنیادی ضروریہ اشیا کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے اس کے علاوہ بڑے فیصلے عمران خان کی پولیٹیکل ٹیم کرے گی. ،پیپلزپارٹی کے قائرہ صاحب دوست ہیں، کھوسہ دوست ہیں، بلاول بھی دوست ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ 192 ممالک کے شہریوں کے لئے آن لائن ویزا سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جو بالآخر لمبی قطاریں ختم کردے گا اور درخواست دہندگان کی سہولت فراہم کرے گا۔پاکستانی تارکین وطن خصوصا مشرق وسطی کے ممالک میں کام کرنے والے افراد کی سہولت کے لئے بغیر کسی اضافی فیس کے پاسپورٹ کی میعاد کو پانچ سے بڑھا کر دس سال کردیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جدید خطوط پر ڈیٹا برقرار رکھنے اور بیرون ملک ملک کی شبیہہ بہتر بنانے میں مدد کرنے کے لئے جلد ہی ایک ای پاسپورٹ سہولت شروع کی جائے گی۔