اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) واضح طور پر سینیٹ اور ضمنی انتخابات میں حصہ لے گی اور اسمبلیوں سے استعفے نہیں دے گی، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، کسی کو بھی کرپشن کیسز میں ریلیف اور این آر او نہیں دیا جائے گا۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت این آر او کے علاوہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے ساتھ تمام قومی ایشوز پر بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے، سیاستدان مخالفین کے ساتھ مذاکرات کے دروازے کھلے رکھتے ہیں تاکہ دوستانہ انداز سے مسائل کو حل کیا جا سکے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے اصولوں پر سرینڈر نہیں ہوں گے جیسا کہ تحریک انصاف حکومت لٹیروں کے خلاف بلاتفریق احتساب کے نعرے کے ساتھ اقتدار میں آئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ تحریک انصاف حکومت سینیٹ انتخابات میں اکثریت حاصل کر لے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ توقع ہے کہ سینیٹ انتخابات کے بعد اپوزیشن لانگ مارچ کے نام پر اسلام آباد کی طرف جلوس نکالے گی، وزارت داخلہ قانون کے ساتھ ان سے نمٹے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی خوشی سے وطن واپس نہیں آئیں گے، شہباز شریف کے خلاف کرپشن کے سنگین مقدمات ہیں جس میں ان کا بچنا مشکل نظر آ رہا ہے۔