
لاہور۔21دسمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ پنجاب میں گزشتہ24گھنٹے کے دوران کورونا کے505نئے کیس سامنے آئے جبکہ کورونا کے باعث34مریض جاں بحق ہوئے،پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 131933 تک پہنچ گئی ہے ،لاہور میں مریضوں کی تعداد 64679 تک بڑھ چکی ہے،پنجاب میں اب تک کورونا کے باعث 3638 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں-ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم ٹولہ مکافات عمل کا شکار ہوچکا ہے اور ان عناصر کی وجہ سے کورونا میں اضافہ ہوالیکن پی ڈی ایم کی منفی سیاست سکڑ چکی ہے،پے درپے ناکامیوں کے بعد راجکماری، کینزاول اور کینز دوئم بوکھلاہٹ کاشکار ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب پی ڈی ایم میں جوتیوں میں دال بٹے گی- انہو ں نے کہا کہ لیٹروں، چوروں اور بہروپیوں کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں،عوام ایسے عناصر کے جھانسے میں نہیں آئیں گے- انہو ں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی خدمت کی سیاست کے آگے تخریبی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے-