پی ڈی ایم پاکستان کی سیاسی تاریخ کا واحد اتحاد تھا جو بنتے ہی بکھر گیا،وزیراعلی عثمان بزدار

52

لاہور۔25مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا منفی سیاسی بیانیہ اپنی موت آپ مر چکا ہے۔ عوام نے مسترد شدہ عناصر کو یکسر رد کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم کے مردہ گھوڑے کو دوبارہ زندہ کرنے کی سعی لاحاصل رہے گی۔ غیر فطری اتحاد اپنے منطقی انجام تک پہنچ چکا ہے اور پی ڈی ایم پاکستان کی سیاسی تاریخ کا واحد اتحاد تھا جو بنتے ہی بکھر گیا۔

انہوں نے کہا کہ نااہل اور نالائق اپوزیشن ٹولے کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں۔ یہ لوگ کمیشن اور کک بیکس سے کمائی دولت کو بچانے کے لیے اکٹھے ہوئے تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پی ڈی ایم سیاسی اتحاد کی بجائے مافیاز کا اکٹھ بن چکا اور ملک کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ 40 چوروں کی بیٹھک کا کوئی مقصد نہیں۔

یہ استعفوں اور لانگ مارچ کی طرح تحریک چلانے کی بھی ہمت نہیں رکھتے۔ ان کی تحریک تاریک ہو گئی ہے اور صرف گفتن، شنید اور برخاستن تک ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی شفاف اور جرات مند قیادت کے ہوتے ہوئے ان کو قومی وسائل لوٹنے کا حساب دینا ہوگا۔