پی ڈی ایم ڈمی موومنٹ کے سوا کچھ نہیں،عوامی مسائل اور ملکی معاشی صورتحال کے ذمہ دار احتجاج میں مصروف ہیں، شہباز گل

39
مسلم لیگ (ق) نے عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، ڈاکٹر شہباز گل

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):ترجمان وزیراعظم، معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ڈمی موومنٹ کے سوا کچھ نہیں،عوامی مسائل اور ملکی معاشی صورتحال کے ذمہ دار احتجاج میں مصروف ہیں،ماضی میں الیکشنز ہائی جیک کرنے والے شفافیت سے خائف ہیں۔

ہفتہ کومولانا فضل الرحمن اور شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم چور، کرپٹ اور مسترد شدہ افرادکا ٹولہ ہے، ناجائز دولت بچانے کیلئے اکھٹا ہوا جتھا جمہوریت کے بھاشن دے رہا ہے۔ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ کرپشن کیلئے ایوان کو استعمال کرنے والے جمہوریت اور جمہور کی بات کرتے ہوئے شرم کرے، خاندانی سیاست اور شہنشاہیت کو جمہوریت کے ورق میں لپیٹ کر پیش کرنا منافقت ہے۔

ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ شاہد خاقان جیسے درباری جمہوریت کے لبادے میں خاندانی غلامی کر رہے ہیں، موجودہ حکومت میں مولانابیروزگارہیں اورنوکری ملنےکا کوئی امکان بھی نہیں،مولانا کے نزدیک اقتدار میں اُنکی شراکت داری ہی اصل جمہوریت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے آ کر رینٹ پر دستیاب عناصر کی سیاست دفن کی، الیکشن چور ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے والے الیکشن اصلاحات سے مفرور ہیں،ماضی میں الیکشنز ہائی جیک کرنے والے شفافیت سے خائف ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پی ڈی ایم ڈمی موومنٹ کے سوا کچھ نہیں، عوامی مسائل اور ملکی معاشی صورتحال کے ذمہ دار احتجاج میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر سیاست سراسر منافقت ہے، عالمی دنیا میں مہنگائی تاریخی بلندی پر ہے، نااہل جس مہنگائی کا رونا رو رہے ہیں اسکے ذمہ دار بھی خود ہیں۔