اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اتحاد ضمنی انتخابات میں منتشر ہو جائے گا۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی جماعتیں استعفوں کے معاملے پر ایک صفحے پر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) پہلی جماعت ہوگی جو اس اتحاد سے علیحدگی اختیار کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی سندھ نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے کہ سندھ میں ضمنی انتخابات کروائے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پیپلزپارٹی اسمبلی سے استعفوں بارے سنجیدہ نہیں ہے۔ عثمان ڈار نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کے علاوہ مسلم لیگ ن شہباز شریف گروپ بھی اسمبلیوں سے استعفے دینے کیلئے تیار نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں کی الگ الگ رائے ہوگی۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی واپسی کے بارے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ برطانیہ سے قیدیوں کے تبادلے کے بارے میں پاکستان کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا البتہ نواز شریف کی جلد واپسی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔