پی ڈی ایم کا بیانیہ سراسر غلط ہے جو ہر گزرتے دن کے ساتھ ختم ہو رہا ہے،وفاقی وزیر اعجاز احمد شاہ کاتقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

163

لاہور۔14جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا بیانیہ سراسر غلط ہے جو ہر گزرتے دن کے ساتھ ختم ہو رہا ہے،پی ڈی ایم کسی بھی موسم میں جلسے کرلے کام نہیں بنے گا،لاہور کے جلسے میں عوام نے شرکت نہ کر کے انہیں واضح پیغام دیا، اپوزیشن اگران ہاوس تبدیلی کی بات کر تی ہے تو یہ سیاسی بات ہے لیکن کسی ادارے کو کہنا کہ حکومت کو بدلے یہ بات سیاسی نہیں،وہ جمعرات کے روز جی سی یو اینٹی نارکوٹکس سوسائٹی کی تقریب حلف برداری سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے،بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ جی سی یو کو ڈرگ فری بنانا ایک اچھا اقدام ہے،مخیر حضرات کو معاشرے کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، وفاقی وزیر انسداد منشیات بریگیڈیئر اعجاز شاہ نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں منشیات ایک ناسور کی طرح پھیل چکا ہے ،اینٹی نارکوٹکس فورسز منشیات کی روک تھام کیلے کام کر رہی ہے ،منشیات کا استعمال کرنے والوں کو معاشرے میں اچھا انسان نہیں سمجھا جاتا انہیں عجیب عجیب ناموں سے پکار جاتا ہے ،منشیات کا عادی شخص ملزم نہیں بلکہ ملزم وہ ہے جو منشیات فروخت کرتا ہے،انہوں نے کہا کہ ذہنی بیماریوں کو ہمارے معاشرے میں اہمےت نہےں دی جاتی ہم سمجھتے ہیں کہ( مینٹل النس )ذہنی بیماری مغرب کا مسئلہ ہے، ہمارے ہاں جب کوئی( مینٹل النس) ذہنی بیماری کا شکار ہوتا ہے تو اسے مولوی کے پاس دم کروانے لے جاتے ہیں، ڈرگز کا استعمال وہ لوگ شروع کرتے ہیں جو معاشرے سے غیر مطمئن ہوتے ہیں،انہوں نے کہا کہ امیر ماں باپ کے بچے بھی اس وجہ سے منشیات کا استعمال شروع کرتے ہیں کیونکہ انکے پاس اور کوئی مسائل نہیں ہوتے، وہ وٹ نیکسٹ کے چکر میں منشیات پر لگ جاتے ہیں، ہمارے معاشرے میں جتنے مسائل ہیں وہ تب شروع ہوئے جب ہم نے اپنی اقدار کو بھلا دیا، وفاقی وزیر اعجاز شاہ نے کہا کہ حکومت منشیات کے خاتمے کے لئے مر بوط اقدامات کر رہی ہے ،انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ بچوں کو گھروں میں منشیات سے بچاو کا درس دینا چاہیے،انہوں نے کہا کہ اے این ایف ایک لیڈ نگ ایجنسی ہے،وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات کا کہنا تھا کہ جلد ہی جی سی یو میں سینٹر آف ایکسی لینس فار نیورو سائنسز کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ اعجاز احمد شاہ نے جی سی یو سٹوڈنٹ باڈی کی تشکیل کے اقدام کو سراہا ۔قبل ازیںگورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے جی سی یو اینٹی نارکوٹکس سوسائٹی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی ۔اس موقع پر جی سی یو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی ،اینٹی نارکوٹکس فورس کے ریجنل ڈائریکٹریٹ کمانڈر بریگیڈ راشد منہاس، ترجمان پنجاب حکومت ڈاکٹر زرقا سہروردی اورنامورماہر نفسیات پروفیسر ڈاکٹر شکیل جہانگیر ملک نے بھی خطاب کیا۔وفاقی وزیر برائے منشیات کنٹرول نے جی سی یو اینٹی نارکوٹکس سوسائٹی کی تقریب میں طلباءسے حلف بھی لیا۔اس مو قع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر زیدی کا کہنا تھا کہ جی سی یو پاکستان کی پہلی یونیورسٹی ہے جس نے یونیورسٹی میں منشیات کی روک تھام کیلئے طلبا ءسوسائٹی کا قیام عمل میں لایا ۔ڈاکٹر زرقا نے منشیات کو معاشرے میں موجود نفسیاتی زہراور انتہا پسندی کی ایک بڑی وجہ قرار دیا۔تقریب میں صدر انصاف لائرز فورم انیس ہاشمی ،ممبران پنجاب اسمبلی طلعت فاطمہ نقوی، زینب عمیر، صادقہ اور ایم این اے ڈاکٹر سیمی بخاری نے بھی تقریب میں شرکت کی۔