لاہور۔6اپریل (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ایک غیر فطری اتحاد تھا،یہ اتحاد صرف وزیر اعظم عمران خان کو بلیک میل کرنے کے لئے بنا تھا، اس اتحاد کا مقصد اپنے کیسز سے نجات حاصل کرنا اور این آر او لینا تھا،ہم نے ہائی لیول میٹنگ میں فیصلہ کیا ہے کہ ہم نے انکا ذکر نہیں کرنا ہے،ہم نے اب اپنی پرفارمنس کو ڈسکس کرنا ہے،ہم نے آنے والے رمضان میں مہنگائی پر قابو پانے کی کوششوں کو تیز کرناہے،کورونا کی وجہ سے سو سے زیادہ افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں،مریم ریٹائرڈ ہرٹ ہو چکی ہیں،چیلنج انھیں دیا جاتا ہے جو گرائونڈ میں ہوں ،آپ اپنے لیڈرز کو پاکستان واپس بلائیں،باہر آپ کاروبار کر رہے ہیں،سیاست ملک میں آ کر کریں ،لیڈر بنیں گیدڑ نہ بنیں۔
وہ منگل کے روزقلندر ہائی پرفارمنس سنٹر میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ گلی محلوں اور سڑکوں پر کھیلنے والے بچوں کو جدید اکیڈمی قلندرز نے فراہم کی ہے،آپ نے اس پراجیکٹ کو لانچ کر کے مثال قائم کی ہے اوراس سنٹر میں ورلڈ کلاس لیول کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہےں۔انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے یہ تمام سہولیات فراہم کر کے ثابت کر دیا کہ پرائیویٹ سیکٹر حکومتوں کے بوجھ اٹھاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی ذمہ داری ہے کہ کلب کرکٹ اور ریجنل کرکٹ کو فرو غ سے کر نیا ٹیلنٹ سامنے لائے،قلندرز کے اس ہائی پرفارمنس سینٹر سے نیا اور چھپا ہوا ٹیلنٹ باہر لایا جا رہا ہے،ہماری حکومت کھیلوں کے میدان آباد کر رہی ہے،
کورونا کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیوں کو نقصان ہوا ہے،ہماری آدھی سے زیادہ آبادی خواتین پر مشتمل ہے جبکہ 65 فیصد آبادی کا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ڈا کٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قلندرز سے درخواست ہے کہ ہماری کرکٹ کھیلنے والی بچیوں کو سپورٹ کریں، آج لڑکیوں کے کرکٹ کھیلنے کے لئے ماحول سازگار ہے،میری خواہش ہے کہ اس سنٹر میں جیندر ڈسکریمینیشن نہ ہو،ہم اس سلسے میں حکومتی سطح پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔ڈا کٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کوئی قوم بھی اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتی ہے جب تک اس کے شہری مکمل فٹ نہ ہو، فزیکل فٹنس تمام مسائل کو ختم کرنے کی کنجی ہے،ہم اس طرح کے سینٹرز کو ریجنل سطح پر لے جانے کو تیار ہے،حکومت قلندرز کے ساتھ ملکر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلنے کو تیار ہے۔