پی ڈی ایم کا پہلا شو فلاپ ہوگیا ہے،چند ہزار افراد کو جمع کرنے میں ناکام رہی ،وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات

96

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات ، سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا پہلا شو فلاپ ہوگیا ہے،ہمیں کوئی سروکار نہیں کہ اپوزیشن جماعتیں کیا کر رہی ہیں ،ہم معیشت کو بہتر بنانے اور مہنگائی کو دور کرنے کے نظام کو ہموار کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے جمعہ کونجی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں آج گوجرانوالہ میں بلائی جانے والی اپنی پہلے عوامی جلسے میں چند ہزار افراد کو جمع کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ، حکومت معیشت کی بحالی ،مہنگائی کو کم کرنے اور عام آدمی کے مسائل حل کرنے پر بھرپورتوجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی سروکار نہیں کہ اپوزیشن جماعتیں کیا کر رہی ہیں،حکومت کی طرف سے معیشت کو بہتر بنانے اور مہنگائی کو دور کرنے کے نظام کو ہموار کرنے میں ترجیح دی جائے گی۔