پی ڈی ایم کو دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر پشاور جلسے پر نظر ثانی کرنی چاہیے،شوکت یوسفزئی

80

پشاور۔30اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شوکت یوسفزئی نے ایک مرتبہ پھر پی ڈی ایم کو مہنگائی سمیت تمام ایشوز پر ماسوائے احتساب کے مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے موجودہ صورت حال میں پشاور جلسہ ملتوی کرنے پر زور دیا ہے۔ وزیراعلیٰ محمود خان سے ملاقات کے بعد انہوں نے میڈیاسے گفتگومیں بتایا کہ حال ہی میں پشاور میں دہشت گردی کا بہت بڑا افسوس ناک واقعہ ہوا ہے جس میں مدرسہ کے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔ پی ڈی ایم کو دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر پشاور جلسے پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جلسے جلوس پر کوئی پابندی نہیں لگائے گی بلکہ اپوزیشن کے تمام جلسوں اور جلوسوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا تاہم عوام کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہیے چند لیڈروں کی کرپشن بچانے کے لیے قوم کو استعمال نہ کیا جائے۔شوکت یوسفزئی نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے سوال کیا کہ وہ بتائیں کرپٹ لوگوں کا ساتھ دینے میں کتنی نفلوں کا ثواب ہے، دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے پاک فوج اور پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔تاہم پی ڈی ایم کے جلسوں میں اپنی ہی فوج کے خلاف تقاریر ہو رہی ہیں جو قابل مذمت ہے جس سے بھارت خوش ہورہا ہے اور اس کو پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کا موقع مل رہا ہے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اقتدار کی محرومی نے نوازشریف کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔ اب مسلم لیگ ن کے قائد اور مودی کا بیان بھی ایک ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے تمام انڈیکیٹر درست سمت میں جارہے ہیں۔پی ڈی ایم کے جلسوں سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہو رہا بلکہ ملک میں انتشار اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف پروپیگنڈا ہورہا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو مہنگائی کا احساس ہے اور وہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات اٹھا رہے ہیں۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم اپنے سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں اور نہ ہی وہ عوامی ایشوز پر سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد کرپشن بچانا ہے۔ اگر ان کے پاس عوامی مسائل کا کوئی ایجنڈا ہے تو حکومت ان کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مذاکرات کی دعوت کو حکومت کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ہم ہر قسم کے حالات کے لیے تیار ہیں۔ تاہم ملک اور عوام کا مفاد سب سے اولین ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل اٹھانا اپوزیشن کا حق ہے تاہم وہ مہنگائی کی آڑ میں اپنے لیڈروں کی کرپشن کو تحفظ دینا چاہتی ہے۔جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔