پی ڈی ایم کی اپنی کشتی ڈاواں ڈول ہے ، گلیات میں ہر 10 یا 15 کلومیٹر کے بعد بعد ریسٹ ایریا ہونا چاہئے،صوبائی وزیر شوکت علی یوسفزئی کا سنو فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب

78

ایبٹ آباد۔25جنوری (اے پی پی):خیبر پختون خوا کے وزیر لیبر اینڈ کلچرل شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ مریم بی بی جان لیں کہ حکومتیں ایسے نہیں گرتیں، کروڑوں عوام نے ووٹ دیا ہوتا ہے، بلاول بھٹو اور مریم نواز کا تجربہ کم ہے اور وہ شاہد اس نتیجہ پر نہیں پہنچے کہ اس ملک میں رہنے کیلئے کیا کرنا ہوتا ہے، نوازشریف لندن بھاگے ہوئے ہیں، اسحاق ڈار کہتے ہیں کہ معیشت بہت اچھی چھوڑ کر گئے ہیں، جب ہم آئے تو 20 ملین خسارہ اور 30 ہزار ارب قرضہ تھا تو معیشت کہاں سے ٹھیک تھی، جب ہم نے معیشت کو درست ٹریک پر ڈالا اور ڈالر کو اصلی جگہ پر لائے تو مہنگائی آئی، پی ڈی ایم کی اپنی کشتی ڈاواں ڈول ہے کیونکہ دوسروں کے سہارے چلنے والوں کو کبھی کامیابی حاصل نہیں ہوتی، ان کا خیال تھا کہ مدرسے کے لوگوں کو نکال کر سڑک بلاک کر کے حکومت کو جام کر دیں گے لیکن ان سے نہیں ہوا۔ وہ گذشتہ رات گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام نتھیاگلی اور ایوبیہ میں تین روزہ سنو فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ فارن فنڈنگ کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 40 ہزار دستاویزات ہم نے الیکشن کمیشن میں جمع کروائیں،مولانا فضل الرحمن، نوازشریف کی پارٹی، مریم نواز اور بلاول بھٹو کو درخواست کریں گے کہ کم ازکم پانچ ثبوت لا کر بتا دیں کہ ان کو جو فنڈنگ ہو رہی ہے وہ کون کر رہا ہے اور وہ کہاں جا رہی ہے، وزیراعظم عمران خان واحد لیڈر ہیں جنہوں نے سپریم کورٹ میں ہر ایک دستاویز پیش کی۔ شوکت یوسفزئی نے کہا حکومت کی پوری کوشش ہے کہ کلچر اور ٹورازم کو فروغ دیا جائے، ہمارے لئے یہ خوش آئند بات ہے کہ خیبر پختونخوا سوئٹزر لینڈ سے کم نہیں ہے، سنو فیسٹیول کے ذریعہ ہم پاکستان اور پوری دنیا کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہم انتہا پسند نہیں ہیں بلکہ پرامن لوگ ہیں اور آپ بھی آ کر ان خوبصورت علاقوں کو دیکھیں۔ جی ڈی اے نے اس علاقہ کو پرامن اور خوبصورت بنانے کیلئے اپنا مکمل کردار کیا، وہ وزیراعلیٰ سے بات کریں گے کہ گلیات میں ہر 10 یا 15 کلومیٹر کے بعد بعد ریسٹ ایریا ہونا چاہئے، لوگ پیسے لگا کر دنیا میں خوبصورت نظارے دیکھنے جاتے ہیں لیکن اللہ تعالی نے پاکستان کو اس میں خودکفیل بنایا ہے، میڈیا اس قدرتی حسن کو دنیا بھر میں اجاگر کرے۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے پروگرام کے منتظمین، معاونین اور میڈیا کے نمائندوں میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔