لاہور۔20دسمبر (اے پی پی):ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشیدچیمہ نے کہا ہے کہ 2023 تک اپوزیشن کی ساری خواہشات پر اوس پڑی رہے گی ۔ نواز شریف اورمریم نواز کے بیانیے کی پذیرائی کا یہ عالم ہے کہ آج پارٹی رہنما بھی عوامی غیض و غضب کے خوف سے (ن) لیگ لاہور کی صدارت کی پیشکش قبول کرنے کیلئے تیار نہیں۔ انشا اللہ سینیٹ انتخابات بھی ہوں گے جس میں تحریک انصاف اکثریت حاصل کرے گی۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کی سیاست لاہور جلسے کی ناکامی کے بوجھ تلے دفن ہو گئی ہے ۔ پی ڈی ایم کواپنی دال گلتی ہوئی نظر نہیں آرہی اس لئے اب فیس سیونگ کیلئے تاریخ پہ تاریخ کافارمولہ اپنانے پر مشاورت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے بھی جانتے ہیں کہ نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان اقتدار سے دوری کی وجہ سے پریشان ہیں۔ پہلے یہ باریاں لگاتے تھے اور اپوزیشن میں ہونے کے باوجود ان کا کرپشن کاکاروبار چلتاتھالیکن تحریک انصاف کی حکومت نے ان کا ناطقہ بند کردیا ہے اوران کی بیروزگاری کا بحران شدید ہو رہا ہے۔مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف دن رات عوام کی خدمت میں کوشاں ہے ۔ انشااللہ جب 2023 میں عوام کی عدالت میں جائیں گے تو سر خرو ہوں گے۔