پی ڈی ایم کی ناکامی پرمریم نواز کو گہرا صدمہ پہنچا ہے اوروہ نفسیاتی الجھن کا شکار ہیں ، ذوالفقار بخاری

77

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی ناکامی کا مریم نواز کو گہرا صدمہ پہنچا ہے اوروہ نفسیاتی الجھن کا شکار ہیں ۔ پیر کے روز این اے 249کراچی کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں زلفی بخاری نے کہا کہ این اے 249 کے الیکشن میں ہار ن لیگ کا مقدر بن چکی ہے، وہاں کی عوام ان کا بیانیہ مستردکر چکی ہے اب ان کی قسمت میں ذلت و رسوائی کے سوا کچھ نہیں۔زلفی بخاری نے کہا کہ نواز، زرداری بھائی بھائی ہیں، دونوں نے اپنے اپنے دور میں قومی دولت کو بے دریغ طریقے سے لوٹا، دونوں کا طریقہ واردات بھی ایک ہے۔

کراچی کی عوام ان کو معاف نہیں کریں گے اور ووٹ کی طاقت سے شکست دیں گے، جیسے ماضی میں پیپلز پارٹی کو دی۔ انہو ں نے کہاکہ پی ڈی ایم کی ناکامی کا مریم نواز کو گہرا صدمہ پہنچا ہے اور وہ نفسیاتی الجھن کا شکار ہے، مریم نواز کے یہ بیانات کہ حکومت گھر جا رہی ہے محض ان کے دل کو تسکین دینے کا ذریعہ ہیں اور ان کی دماغی کیفیت کو بیان کر رہے ہیں۔

ن لیگ کا حکومت کو گرانے کا خواب خواب ہی رہ جائے گا، عمران خان کی قیادت میں موجود حکومت اپنا وقت پورا کرے گی اور ملک مزید ترقی کرے گا۔ زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنی پوری توجہ ، معاشی استحکام اور عوامی فلاح و بہبود پر مرکوز رکھی ہوئی ہے،موجودہ حکومت لوگوں کو ریلیف فراہم کر رہی ہے اور اپنا دور پورا کرنے تک مزید ڈلیور کر کے آیندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے دوبارہ کامیاب ہو کرحکومت بناے گی۔