اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی پہلی وکٹ دوسرے ہی اوور میں گر گئی ،مفرور چور نواز شریف کا کراچی جلسے میں خطاب نہ کرنا، اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ پی ڈی ایم کو نواز شریف قبول نہیں۔ پیر کو ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ابھی تو مزید وکٹیں گرنا باقی ہیں، رسوائی اور ذلت پی ڈی ایم کا مقدر ہے۔ڈاکٹر شہباز گل نے ٹویٹر پر صفدر اعوان کی گرفتاری کے حوالے سے قانونی پیرے بھی شئیر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہے وہ قانون جس کے تحت صفدر کو گرفتار کیا گیا۔ ایک طرف کہتے ہو قانون کی عملداری کرو اور دوسری طرف منافقت۔ آپ لوگوں نے قانون کی کبھی عزت نہیں کی، اب قانون پر عمل ہو رہا ہے تو ہونے دو۔