پی ڈی ایم کی کال پر احتجاجی مظاہرے میں شرکت کےلئے قافلوں کی اسلام آباد آمد جاری

120

اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) میں شامل جماعتوں نے پی ڈی ایم اے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں شاہراہ دستور پر احتجاجی مظاہرے اوردھرنے کی کال دے رکھی ہے جس میں شرکت کےلئے کارکن ریڈ زون میں پہنچنا شروع ہوگئے ہیں،پی ڈی ایم کی کال پر پی ڈی ایم میں شامل مختلف سیاسی جماعتوں کے قافلے ملک بھر سے رواں دواں ہیں اورگردونواح سے بیشترقافلے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں،

جمعیت علما اسلام کے رضاکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جس کےلئے وہ گزشتہ شب سے ہی اسلام آباد میں ہیں اور احتجاجی مقام پر انتظامات کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں، اسلام آباد پولیس ، رینجرز اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے امن وامان کو برقرار رکھنے اورشرکا کو تحفظ فراہم کرنے کےلئے سکیورٹی کے انتظامات کر رکھے ہیں ۔

پاکستان پیپلزپارٹی جو پی ڈی ایم کا حصہ نہیں ہے ، کی طرف سے بھی پی ڈی ایم کے احتجاجی دھرنے میں بھرپور شرکت کا اعلان کررکھا ہے جس کےلئے پیپلزپارٹی سندھ، بلوچستان، کے پی کے اورپنجاب سے قافلے اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہیں۔ جمعیت علماءاسلام کی قیادت بھی بلوچستان اور سندھ کے مختلف اضلاع سے قافلوں کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد پہنچ رہی ہے تاکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے پرامن احتجاج میں شرکت کرسکے۔

پی ڈی ایم کی قیادت نے اپنے کارکنوں کےلئے خصوصی ہدایات جاری کر رکھی ہیں اور اپیل کی گئی ہے کہ انتہائی پرامن انداز میں نظم وضبط کا خیال رکھتے ہوئے پنڈال میں پہنچیں ۔ شرکا سے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں اور پیپلزپارٹی کے قائدین خطاب کریں گے۔