پی ڈی ایم کےغبارے سے ہوا نکل چکی،یہ لوگ قوم کو دغا دینے اور لوٹ مار کی سزا بھگت رہے ہیں،معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل

63
مسلم لیگ (ق) نے عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، ڈاکٹر شہباز گل

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے، یہ لوگ قوم کو دغہ دینے اور ملک کو لوٹنے کی سزا بھگت رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان پہلی بار اپوزیشن میں ہیں اسلئے اقتدار کے بغیر تڑپ رہے ہیں لیکن وہ سیاسی طور پر بے روزگار ہیں اور رہیں گے، مہنگائی اور مشکل حالات کے باوجود عوام اپوزیشن کو منہ نہیں لگا رہے جو ان کیلئے عبرت کا نشان ہے، اپوزیشن سیاسی گدیں ہیں جو اپنی باری کا انتظار کر رہی ہیں لیکن ان کی خواہشات کبھی پوری نہیں ہوں گی، حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے اور روزمرہ استعمال ہونے والی چیزوں کی مصنوعی قیمتوں میں اضافہ کو روکنے کیلئے مناسب نظام وضع کر رہی ہے۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس دن سے پاکستان تحریک انصاف حکومت اقتدار میں آئی ہے، مولانا فضل الرحمان جو آج کل پی ڈی ایم کے امام بنے ہوئے ہیں پہلے دن سے حکومت کو پیشکشیں کر رہے ہیں، پی ڈی ایم حکومت گرانے کیلئے ہر حربے استعمال کر چکی لیکن ان لوگوں کو شرمندگی اور رسوائی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا، آئندہ بھی جلسے اور ریلیاں کر کے دیکھ لیں مایوسی ہی ان کا مقدر ہو گی۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی 22 سال کی جدوجہد بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب اور ملک سے بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے کیلئے ہے، وزیراعظم بننے کے بعد بھی وہ اکیلے مافیا کے ساتھ لڑ رہے ہیں اور اس معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے اپنے دور حکومتوں کے دوران بے دردی سے قومی خزانے کو لوٹا اور بیرون ممالک جائیدادیں بنائیں، اب اپوزیشن ذاتی مفادات کو تحفظ دینے اور مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے حکومت کے خلاف سازشیں کر کے ملک میں افراتفریحی پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن ان کی خواہشات کبھی پوری نہیں ہوں گی، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اور ملک کا مستقبل تابناک ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں حالیہ سیاسی ماحول پر پوری کابینہ کو اعتماد میں لیا ہے، اپوزیشن سول اور عسکری قیادت کے درمیان کمیونیکیشن گیپ پیدا کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے اور اسے ملک کی موجودہ صورتحال سے کسی قسم کا فائدہ نہیں ملے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کے وسیع تر مفاد میں تمام فیصلے کرتے ہیں۔ شہباز گل نے کہا کہ عدالت مریم صفدر کو مجرم قرار دے چکی ہے، وہ سزا یافتہ مجرمہ ہیں اور اس وقت ضمانت پر ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے غیرملکی سفارتکاروں اور سیاسی شخصیات کے درمیان ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں اس میں کچھ غلط نہیں ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنا اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، کورونا کی وجہ سے اس وقت پوری دنیا میں مہنگائی ہے تاہم حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔