لاہور۔12جنوری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے اجتماعات سے کورونا پھیلا ہے، ان لوگوں نے اپنی منفی سیاست کی خاطر عوام کی زندگیوں کی پرواہ نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ کے حقائق راجکماری اور ان کے ابا جی کیلئے شٹ اپ کال ہے، فیصلے پر ڈھول پیٹنے والے ن لیگی اب اپنا سر پیٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ براڈشیٹ نے مسلم لیگ ن کے ڈاکے کو ایک بار پھر بے نقاب کیا ہے اور اس سے راجکماری اور کنیزو ں کے سر شرم سے جھک چکے ہیں، ملکی دولت لوٹنے والے سابق حکمرانوں کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیئے، وزیراعظم عمران خان ان لٹیروں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب میں کورونا کے مجموعی کیسوں کی تعداد 146,016 تک پہنچ چکی ہے، 24 گھنٹے میں کورونا کے 508 نئے مریض سامنے آئے اور اس دوران کورونا کے27 مریض انتقال کر گئے ہیں، کورونا سے جاں بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد 4,299 ہو چکی ہے، 24 گھنٹے کے دوران 14,499 ٹیسٹ کئے گئے اور اب تک 2,626,825 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں، کورونا سے بچنے کا واحد ذریعہ احتیاط ہی ہے۔