احتجاج،لانگ مارچ اور جلسوں سے یہ حکومت کہیں نہیں جائے گی،اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق ہم پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں،خبر سامنے آرہی ہے کہ سعودی عرب کا ایک بہت بڑا وفد جلد پاکستان آ رہا ہے، شاہ محمود قریشی کا بیان

76

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے احتجاج،لانگ مارچ اور جلسوں سے یہ حکومت کہیں نہیں جائے گی،اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق ہم پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں،خبر سامنے آرہی ہے کہ سعودی عرب کا ایک بہت بڑا وفد جلد پاکستان آ رہا ہے۔منگل کو اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے احتجاج،لانگ مارچ اور جلسوں سے یہ حکومت کہیں نہیں جائے گی, ان کی 31 جنوری کی ڈیڈ لائن کا بھی وہی حال ہو گا جو 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن کا ہوا۔31 دسمبر کو ان کے استعفے آنے تھے؟ ۔ا نہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو عوام کا اعتماد حاصل ہے وہ پی ڈی ایم کے کہنے پر کیوں مستعفی ہوں گے؟ میں پی ڈی ایم کو آج کہہ ریا ہوں کہ وزیر اعظم عمران خان 31 جنوری کو مستعفی نہیں ہوں گے وہ 31 جنوری کا انتظار کیوں کرتے ہیں انہیں جو فیصلہ کرنا ہے ابھی کرلیں ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ڈی ایم، کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالنے جا رہی ہے – سوچنے کی بات یہ ہے کہ انہیں اس کی ضرورت کیوں پیش آئی ۔دراصل اپوزیشن عوام کو دھوکہ دے رہی ہے ۔اسرائیل کے حوالے سے ہمارا موقف واضح اور دو ٹوک ہےاس پر ہم کل بھی قائم تھے اور آج بھی قائم ہیں اور اب تو اسرائیل نے بھی وضاحت کر دی ہے ،چنانچہ اپوزیشن نے حکومت کو دباؤ میں لانے کیلئے جو بیانیہ تشکیل دیا تھا وہ دم توڑ چکا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا بیان، میرا بیان اور وزارت خارجہ کی اسٹیٹمنٹس ریکارڈ پر موجود ہیں،اس دوران سامنے آنے والا، مولانا اجمل قادری کا بیان تہلکہ خیز اور وضاحت طلب ہے نون لیگ کی قیادت کو بتانا ہوگا کہ مولانا اجمل قادری کس ایجنڈے پر اور کیا پیغام لیکر اسرائیل گئے؟ اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق ہم پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں ۔ سعودی عرب نے نیامے ڈیکلریشن میں کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ خبر سامنے آرہی ہے کہ سعودی عرب کا ایک بہت بڑا وفد جلد پاکستان آ رہا ہےجس میں ان کے وزیر خارجہ سمیت اہم شخصیات شامل ہوں گی یہ سب اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ہمارے سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔میں نے گذشتہ دنوں، ثبوتوں پر مبنی ڈوزئیر کے ذریعے عالمی برادری پر واضح کیا کہ بھارت اپنی اندرونی ناگفتہ بہہ صورت حال سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن جیسا ناٹک رچا سکتا ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ ہندوستان، دہشت گردوں کی تربیت اور کالعدم تنظیموں کی معاونت کر رہا ہے ،ہندوستان، پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کر رہا ہے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ "ای – یو، ڈس انفولیب” نے بھارت کے گھناؤنے عزائم کو مزید بے نقاب کر دیا ہے۔