پی ڈی ایم کے تتربتر ہونے کا سارا کریڈٹ عوام کو جاتا ہے،ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا 2008سے 2018کا دور ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دور تھا،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں آج پاکستان ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن ہے،سینیٹر فیصل جاوید

51
وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اسلامی دنیا کو متحد کرنے اور عالمی فورمز پر فلسطینیوں کے حقوق کے لئے بھرپور آواز بلند کی، سینیٹر فیصل جاوید

اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا شوکاز نوٹس پھاڑنا پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اندرونی معاملہ ہے ہمیں اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے،

پی ڈی ایم اسی وقت ختم ہو گئی تھی جب ان کے جلسے ناکام ہوئے تھے، پی ڈی ایم کے تتربتر ہونے کا کریڈٹ عوام کو جاتا ہے، پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کا 2008ءسے 2018ءتک چارٹر آف کرپشن کا دور ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دور تھا، دونوں جماعتوں نے لوٹ کھسوٹ کر کے ملک کا بیڑہ غرق کیا، آج وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن ہے، 50 سال بعد ملک میں دو نئے ڈیموں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ عوام کو یونیورسل ہیلتھ کوریج فراہم کی جا رہی ہے۔

پیر کو پیپلزپارٹی کی طرف سے پی ڈی ایم کے تمام عہدے چھوڑنے کے اعلان کے بعد نجی ٹی وی چینل پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شوکاز نوٹس پر پیپلزپارٹی کا اسطرح کا موقف یہ پی ڈی ایم کا اندرونی معاملہ ہے، ہم قطعاً اس پر کوئی مداخلت نہیں کرتے، پی ڈی ایم اسی وقت ختم ہو گئی تھی جب گیارہ جماعتیں مل کر بھی عوام کو جلسوں میں نکالنے میں ناکام ہو گئی تھیں، بعد میں یہ لوگ بہانے ڈھونڈتے رہیں کہ کسطرح آگے پیچھے ہٹیں۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ عوام نے پی ڈی ایم کو مسترد کر دیا، جب یہ عوام کے پاس جاتے تو آگے سے عوام انہیں کہتے کہ یہ تو وہی پرانے چہرے ہیں جنہوں نے اقتدار میں رہ کر صرف ملک کا بیڑہ غرق کیا، عوام کی کوئی خدمت نہیں کی،

پی ڈی ایم کا حال سب کے سامنے ہے اور اس کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا 2008ءسے 2018ءتک کا 10 سالہ چارٹر آف کرپشن والا دور ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دور رہا، دونوں جماعتوں نے قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹ کر ملک کا دیوالیہ نکال دیا اور سارے قومی ادارے تباہ کئے، 6 ہزار ارب سے 30 ہزار ارب قرضے لیکر ملک پر قرضوں کا بوجھ بڑھایا۔

فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں آج ہر لحاظ سے ہمارا ملک آگے بڑھ رہا ہے، جب اقتدار سنبھالا تو ہمیں تاریخ کے بدترین 20 ارب ڈالر کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے کا سامنا تھا لیکن اب وہی خسارہ گزشتہ سات ماہ سے سرپلس میں جا رہا ہے، لارج اسکیل مینوفیکچرنگ، برآمدات اور ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، 1999ءکے بعد پہلی مرتبہ ٹیکسٹائل انڈسٹری عروج پر گئی ہے، 50 سال بعد ملک میں ایک ساتھ دو نئے ڈیم بن رہے ہیں جبکہ ملک بھر میں عوام کو یونیورسل ہیلتھ کوریج فراہم کی جا رہی ہے، جو ترقی یافتہ ممالک نہ کر سکے وزیراعظم عمران خان نے وہ عملی طور پر کر کے دکھایا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی مسئلہ کشمیر پر جتنی پوزیشن واضح ہے آج سے پہلے کبھی کسی پاکستانی وزیراعظم کی نہیں تھی، یہ لوگ صرف زبانی باتیں کرتے ہیں، بلاول بھٹو بتائیں کہ انہوں نے اپنے ادوار میں کشمیر کیلئے کیا کیا؟وزیراعظم عمران خان نے جسطرح سے بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز کو اجاگر کیا اور دنیا کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کیا ماضی کی اس کی مثال نہیں ملتی، آج عالمی ادارے وہی لکھ رہے ہیں جو وزیراعظم عمران خان نے بھارت کی فسطائی حکومت کے بارے کہا تھا۔