لاہور۔5دسمبر (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہاہے کہ حکومت کی واضح پالیسی ہے پی ڈی ایم کے13دسمبر کے جلسے میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے ‘ اپوزیشن حکومت سے تصادم چاہتی ہے مگر پاکستان کسی تصادم کا متحمل نہیں ہوسکتا ‘جلسوں سے کورونا پھیل رہا ہے مگر اپوزیشن لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی پالیسی پر گامزن ہے قوم بھی ان سے حساب لے گی ‘کورونا کی شدت میں مسلسل اضافہ ہم سب کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔ وہ ہفتہ کے روز قومی سطح کے چوتھے کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیمزچیلنج 2020 ءکے فاتحین اور شرکا میں نقد انعامات، اسناداور ڈیزاسٹر رسپانس کٹیں تقسیم کر نے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔اس موقع پر ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر‘تحریک انصاف کی ایم پی اے مسر ت جمشید چیمہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب نے کہا کہ کورونا ابھی گیا نہیں ہے بلکہ تیزی کیساتھ واپس آرہا ہے، لوگ سیاست میں عوام کی خدمت کیلئے آتے ہیں انکی زندگیوں سے کھیلنے نہیں مگر اپوزیشن لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے جہاں بھی اپوزیشن کے جلسے ہوتے ہیں وہاں ہی کورونا کے کیسز بڑ ھ رہے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اپوزیشن کے لاہور کے جلسے میں حکومت کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالنے کی پالیسی پر گامزن ہے لیکن حکومت کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے گی ،امن وامان کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا ۔تقریب کے موقع پر گورنرپنجاب چوہدری محمدسرورنے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے زندگیاں بچانے، سیفٹی کلچر کو فروغ دینے کیلئے عوامی سطح پر بیداری پیداکرنے، کوویڈ19- کے دوران مستحق خاندانوں میں راشن کی تقسیم میں ریسکیورضاکاروں کی خدمات اورپنجاب کی تمام یونین کونسلوں میں کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کے قیام پرڈی جی ریسکیوپنجاب ڈاکٹررضوان نصیر اور انکی ٹیم کو سراہا۔ انہوں نے والنٹری سروسز اوورسیزپاکستان کی بھی تعریف کی جو پاکستان میں رضاکارانہ کلچر کو فروغ دینے کیلئے رضاکار ٹیموں کورسپانس کٹس کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔گورنر پنجاب نے رضاکاروں کے زندگی بچانے کی مہارت کے عملی مظاہرے کا جائزہ لیا اور چیلنج میں شرکت کرنے والی 39ٹیموں کو ڈی جی ریسکیوپنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر اور کنٹری ڈائریکٹر وی ایس او پاکستان ہاشم بلال کے ہمراہ پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والی رضاکار ٹیموں کونقد انعامات وٹرافیاں بھی دیں ۔قبل ازیں ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیرنے اپنے خطبہ استقبالیہ میں تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اوررضاکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ ایمرجنسی مینجمنٹ کے جامع نظام کی تکمیل کے بعد ریسکیو سروس نے پنجاب کی تمام یونین کونسلوں میں زندگیاں بچانے اور سیفٹی کلچر کے فروغ کیلئے کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں قائم کیں۔