پی ڈی ایم 11جماعتیں، 11 کہانیاں اور 11 افسانے تھے، ان کے جلسوں کا نتیجہ صفر نکلے گا ،فرخ حبیب

30

اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) 11جماعتیں، 11 کہانیاں اور 11 افسانے تھے، اس میں جان تو تھی نہیں، یہ ریجکٹڈ مال ہے، عوام ان کے ساتھ نہیں ہیں، آج ملکی معیشت مستحکم ہو چکی ہے اور ملک ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے اسلئے اپوزیشن جماعتیں گھبراہٹ اور اضطراب کا شکار ہیں، اپوزیشن کے جلسے جلوسوں کا نتیجہ صفر برائے صفر نکلے گا، وزیراعظم عمران خان اپنی آئینی مدت پوری کریں گے اور عوام کو ڈلیور بھی کریں گے۔

ہفتہ کو پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنمائوں کی طرف سے ملک بھر میں جلسوں کے اعلان کے بعد نجی ٹی وی چینل کو ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو عوام میں پذیرائی حاصل نہیں ہے، ہمارا پی ڈی ایم رہنمائوں سے بنیادی سوال ہے کہ کیا ملک سے کورونا ختم ہو گیا ہے؟ جو پی ڈی ایم نے جلسوں کا اعلان کر دیا ہے،

اس وقت پوری قوم کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ایس او پیز پر عمل درآمد کر کے ذمہ داری کا ثبوت دے رہی ہے جبکہ دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ایسی صورتحال میں جلسوں کا اعلان کرنا مجرمانہ بات ہے، اپوزیشن کو جلسے جلوسوں سے گریز کرنا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں فرخ حبیب نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور اے این پی پہلے ہی پی ڈی ایم سے الگ ہو چکی ہیں، مولانا فضل الرحمان کو جہاں ایزی لوڈ ملے وہ اسی طرح چل پڑتے ہیں یہ ہمیشہ سے ان کی عادت ہے، ویسے بھی جلسے جلوس ہمیشہ ان کیلئے منافع میں رہے ہیں، شہباز شریف یا مریم نواز میں سے کون پی ڈی ایم کو آگے لیکر چلے گا آگے چل کر حالات سب کو نظر آ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت مستحکم ہو چکی ہے اور ملک گروتھ کی جانب بڑھ رہا ہے، سرمایہ کار معیشت پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اور ملک میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں، اسٹاک ایکسچینج نے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور زراعت کے شعبے میں بھی اچھی خبریں آ رہی ہیں اور اس بار ریکارڈ فصلوں کی پیدوار ہوئی ہے جس کی وجہ سے اپوزیشن گھبراہٹ اور اضطراب کا شکار ہے، اپوزیشن کو جلسے جلوسوں سے کچھ حاصل نہیں ہو گا، وزیراعظم عمران خان اپنی مدت پوری کریں گے اور عوام کو ڈلیور بھی کریں گے۔