پے اینڈپنشن کمیشن نیادی تنخواہوں، الاونسز اورپنشن کومرکزی دھارے میں لانے کیلئے مالی طورپرقابل عمل حل پیش کرنے میں کامیاب ہوگا، ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ

564

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے اس اعتمادکااظہارکیاہے کہ پے اینڈپنشن کمیشن تمام سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہوں، الاونسز اورپنشن کومرکزی دھارے میں لانے کیلئے مالی طورپرقابل عمل حل پیش کرنے میں کامیاب ہوگا۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں پے اینڈپنشن کمیشن کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئی کہی، کمیشن کی سربراہ اور سرکاری و نجی شعبہ کے سینئرماہرین ،وفاق، صوبوں اورگلگت بلتستان کے سیکرٹریز اورمتعلقہ حکومتی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انہیں امید اوریقین ہے کہ کمیشن کو تمام سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہوں، الاونسز اورپنشن کومرکزی دھارے میں لانے کیلئے مالی طورپرقابل عمل حل پیش کرنے میں کامیابی حاصل ہوگی۔ کمیشن کے زیراہتمام سرکاری خزانہ پر بڑھتے ہوئے اخراجات کے مسئلہ پرقابوپانے کیلئے مشاورتی عمل شروع کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ تنخواہوں اورپنشن کاموجودہ ماڈل پائیدارنہیں ہے۔ وزیراعظم کے مشیرنے کمیشن کومکمل تعاون کایقین دلاتے ہوئے تجویزپیش کی کہ حکومت رپورٹ کوحتمی شکل دینے سے قبل بھی کمیشن کی سفارشات پرغورکرنے کیلئے تیارہے۔پے اینڈپنشن کمیشن کی چئیرپرسن نے اجلاس کے شرکا کوکمیشن کے اغراض ومقاصد اورمینڈیٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔انہوں نے کہاکہ کمیشن رائج پے اینڈپنشن کی ساخت، الاونسز،مراعات وسہولیات اوراس کی مونیٹائریشن کا جائزہ لے گا۔انہوں نے ذیلی کمیٹیوں کے قیام کا خاکہ بھی پیش کیا، کمیٹوں کو ملک بھرمیں رائج پے اینڈپنشن پربحث ومباحثہ اوراس کے طریقہ ہایے کارکا مینڈیٹ دیا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ پے اینڈپنشن کمیشن کی کامیابی کادارومدار بروقت اورقابل اعتماد ودرست ڈیٹا کی فراہمی سے مشروط ہے۔