چئیرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق احمد کی سربراہی میں بورڈ ان کونسل کا پانچواں اجلاس

64

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):چئیرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق احمد کی سربراہی میں ایف بی آر میں بورڈ ان کونسل کا پانچواں اجلاس منعقد ہوا۔ بورڈ ان کونسل اجلاس میں رواں مالی سال 22-2021کی پہلی سہ ماہی میں محصولات میں 38.3 فیصد نمو حاصل کرنے پر غوروخوض کیا گیا اورممبران بورڈ ان کونسل نے اس زبردست کارکردگی پر فیلڈ دفاتر کو داد دی۔

یا د رہے کہ ایف بی آر کی طرف سے 1395 ارب روپے کےریکارڈ ریونیو جمع کرنے پر وزیر اعظم پاکستان نے بھی تعریف کی ہے۔بورڈ ان کونسل ممبران نے رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی اکتوبر تا دسمبر میں بھی خاطرخواہ ریونیو حاصل کرنے کے لئے مربوط حکمت عملی وضع کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ہدف سے زائد ریونیو کے حصول کے لئے ہر ممکن کو شش کی جائے گی۔

بورڈ ان کونسل اجلاس میں فیٹ ونگ کی طرف سے جامع پرنٹ اور الیکٹرانک تشہیری مہم کی بھی تعریف کی گئی جس کی وجہ سے 30 ستمبر 2021 تک 18 لاکھ64 ہزارگوشوارے وصول ہوئے اور گوشواروں کے ساتھ 39 ارب روپے کا ٹیکس حاصل ہوا۔

ممبران کونسل نے سوشل میڈیا پر قومی ہیروز اور ممتاز شخصیات کی طرف سے ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کے لئے دیئے گئے ویڈیو پیغامات کی بھر پور تعریف کی اور تمام قومی ہیروز کا اس مہم کو کامیاب بنانے اور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔فیٹ ونگ کی طرف سے تمام موبائل کمپنیوں کے صارفین کو ایس ایم ایس بھجے جانے کے اقدام کو بھی سراہا گیا۔

مزید برآں بورڈ ان کونسل کے شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے کے لئے اٹھائے گئے ٹھوس اقدامات میں تیزی لائی جائے ، معیشت کو دستاویزی بنانے کے لئے پوائینٹ آف سیل سسٹم کو موثر انداز میں لاگو کیا جائے اور ٹریک اینڈ ٹریس نظام کے تحت تمباکو، چینی، کھاد، سیمنٹ ، مشروبات ، پیٹرولیم اور فارماسوٹیکل سیکٹر کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا عمل تیز کیا جائے۔