کراچی ۔5 مارچ (اے پی پی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا، ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپریل میں لاہور میں تین میچ کھیلے گی اس حوالے سے ایک دو روز میں کراچی کے شہریوں کو بھی خوشخبری دوں گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پیر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری تزئین و آرائش اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے اور اس حوالے سے اجلاس کی صدارت کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں وضاحت کی کہ دبئی اور شارجہ میں جاری پی ایس ایل کا فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس محنت اور دیانت داری سے ہماری ٹیم نے نیشنل اسٹیڈیم کو تیار کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ این ایل سی، نیس پاک اور سندھ حکومت نے دن و رات کام کر کے اسٹیڈیم کو فائنل کھیلنے کے قابل بنایا ہے۔