چائنہ میڈیا گروپ کا سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو کے 10 سال مکمل ہونے پر آرٹ نمائش اور ثقافتی شو کا انعقاد

69

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):چائنہ میڈیا گروپ نے سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو کے 10 سال مکمل ہونے پر پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے اشتراک سے اسلام آباد میں آرٹ نمائش اور ثقافتی شو کا انعقاد کیا۔تفصیلات کے مطا بق اس موقع پر سی پیک اور بیلٹ اینڈروڈ انیشیٹیو کے حوالے سے خصوصی پینٹنگز کی نمائش کی گئی جس میں شرکاء نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ تقریب میں پاکستان کے چاروں صوبوں کی ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستانی ثقافتی فنکاروں نے اپنی صلاحیتوں کا بھر پورانداز میں مظاہرہ کیا جبکہ اس دوران بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کے طلبہ نے بھی پرفارم کیا۔

تقریب میں موجود چینی ثقافتی فنکاروں نے خوبصورت موسیقی کے ذریعے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ تقریب سے ایف ایم 98 دوستی چینل کی سٹیشن ڈائریکٹر حُو پنگ پنگ کا کہنا تھا کہ سی پیک پاک چین دوستی کی ایک اعلی مثال ہے۔اُنہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سی پیک کے ذریعے پاک چین دوستی مزید مضبوط ہو گی۔ اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کے ثقافتی پروگرامز کے انعقاد سے ہمیں جہاں ایک دوسرے کی ثقافت کو جاننے کا موقع ملے گا وہیں دو طرفہ تعلقات میں مزید مضبو طی آئے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ آج کی تقریب بھی سی پیک کے منصوبے کے دس سال مکمل ہونے کے حوالے سے جاری تقریبات کا ایک تسلسل ہے۔ خیبر پختونخوا سرمایہ کاری بورڈ کے سابق چیئرمین حسان داود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک سے خطے میں ترقی کے ایک نئے دو ر کا آغا ز ہو چکا ہے۔اس موقع پر چائنہ میڈیا گروپ کی جانب سے سی پیک کا ویڈیو پروگرام بھی پیش کیا گیا جسے تقریب میں شامل شرکاء نےبے حد سراہا۔

تقریب کے اختتام پر مشہور گلوکار ساحر علی بگا نے اپنی آواز کا جادو جگایا اور ان کی گلوکاری سے پاکستانی اور چینی حاضرین خوب محظوظ ہو ئے۔تقریب میں پاکستان میں قائم چینی سفارتخانے کے ثقافتی قونصلر جنرل چانگ حہ چنگ سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران اور پاکستان اور چین کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔