چائنہ پاکستان بزنس ڈویلپمنٹ کونسل کے وفد کا آر سی سی آئی کا دورہ

69
سی پیک کے ساتھ ہزاروں میل کا سفر، پاک چین مضبوط تعلقات کا استعارہ کے عنوان سے رپورٹ کی تقریب

راولپنڈی۔25ستمبر (اے پی پی):چائنہ پاکستان بزنس ڈویلپمنٹ کونسل کے ایک وفد نے کونسل کے صدر چن جیان لو کی سربراہی میں چیئرمین شفیق الرحمان کے ہمراہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا۔ ان کے ساتھ وانگ شیاؤسن، لی ژن اور لی وونگ بھی تھیں۔صدر آر سی سی آئی ثاقب رفیق، گروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر محمد حمزہ سروش، نائب صدر فیصل شہزاد، سابق صدر ڈاکٹر حسن سروش، ای سی ممبران ڈاکٹر امجد چوہدری، اور آر سی سی آئی کے ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صدر چیمبر ثاقب رفیق نے وفد کو چیمبر کی جاری سرگرمیوں اور آئندہ کے پروگراموں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ اور گہرے تعلقات موجود ہیں، تجارتی تعلقات کے فروغ کے لئے سیکٹر پر مبنی معلومات کا تبادلہ ضروری ہے۔ گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ انڈسٹری کی گروتھ کے لیے ٹیکنالوجی اور انڈسٹری کی منتقلی ضروری ہے، سی پیک کے تحت صنعتی زون پر پیشرفت کو تیز کیا جائے۔

چائنہ پاکستان بزنس ڈویلپمنٹ کونسل کے صدر چن جیان لو اور چیئرمین شفیق الرحمان نے کہا کہ دورے کا مقصد تاجر برادری اور چیمبر آف کامرس کے ساتھ رابطے بڑھانا ہے تاکہ مشترکہ منصوبوں کی راہ ہموار کی جاسکے۔ملاقات میں دوطرفہ تجارت، شعبے سے متعلق معلومات اور مشترکہ منصوبوں سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ ایک انٹرایکٹو سیشن بھی منعقد کیا گیا جہاں متعلقہ شعبوں بشمول فارماسیوٹیکل، پولٹری، کان کنی، آئی ٹی، سیاحت اور زراعت وغیرہ کے ذریعہ معلومات اور دائرہ کار کا تبادلہ کیا گیا۔