چار امریکی کمپنیاں اسرائیل کے جنگی جرائم سے مالی مفاد حاصل کررہی ہیں، ایمنسٹی انٹرنیشنل

81

لندن ۔ 30 جنوری (اے پی پی) انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے کام کرنے والے بین الاقوامی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ چار امریکی کمپنیاں اسرائیل کے جنگی جرائم سے مالی مفاد حاصل کر رہی ہیں ۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق ایئر بی این بی، بکنگ ڈاٹ کام، ایکسپیڈیا اور ٹرپ ایڈوائزر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات میں مقیم یہودی آبادکاروں کو سفری اور دیگر سہولیات فراہم کر کے اسرائیل کے جنگی جرائم سے مالی مفاد حاصل کر رہی ہیں۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مذکورہ امریکی کمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ فورا مقبوضہ فلسطینی علاقوں بشمول مشرقی مقبوضہ بیت المقدس میں جانے والے سیاحوں کو رہائش اور دیگر سہولیات کی بکنگ اور دیگر خدمات کی فراہم فوراً بند کریں۔ مذکورہ امریکی کمپنیاں اس علم کے باوجود کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی طرف سے یہودی بستیوں کی تعمیر بین الاقوامی ہیومینیٹیرین لاءکے مطابق غیر قانونی ہے، اپنی خدمات کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس طرح یہ کمپنیاں اس غیر قانونی اقدام کی معاونت کر رہی ہیں۔مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قائم یہودی آباد کار غیر ملکی سیاحوں کو اپنی طرف راغب کرنے کے لئے ان کو ایسے علاقوں تک رسائی فراہم کرنے کا بھی دعویٰ کرتے ہیں جو اصل میں فلسطینی علاقے ہیں۔واضح رہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل گذشتہ دوبرس سے جاری مہم میں امریکا اور دنیا کے دیگر ممالک کی حکومتوں پر زور دے رہی ہے کہ وہ اپنی کمپنیوں کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں کاروباری سرگرمیوں سے روکیں کیونکہ ان علاقوں میں اسرائیلی آباد کاری غیر قانونی ہے۔